بنگلورو،23؍فروری (ایس او نیوز) بنگلوروشہر کے شیواجی نگر میں کمبل پوش درگاہ سے قریب براڈوے روڈ جنکشن پر رسوئی گیس سلنڈروں کی ری فلنگ دکان میں سلنڈروں کے پھٹنے سے تھوڑی دیر کے لئے اس علاقے میں افرا تفری پھیل گئی۔ اس چھوٹی سی دکان میں ایک کے بعد دیگرے چھوٹے گیس سلنڈروں کے پھٹنے سے قریب کی 4؍دکانو ں میں بھی آگ لگ گئی۔ دھماکہ کے دوران دکانوں میں کوئی بھی شخص موجود نہ رہنے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ البتہ اس دھماکے سے دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں بورنگ اسپتال میں بھرتی کرایاگیا ہے۔ براڈوے روڈ پر الطاف گیس ری فلنگ سنٹر میں سہہ پہر 3:30؍بجے یہ دھماکے ہوئے اور دکان آگ کی لپیٹ میں آگئے۔ اطلاع پاکر فائر سرویس عملہ نے اپنی گاڑیوں کے ہمراہ پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ اس دھماکہ کے بعد دکان کا مالک روپوش ہوچکا ہے۔ ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات وحج آر۔ روشن بیگ نے جو اسی شیواجی نگر حلقہ کے رکن اسمبلی ہیں، گناشیکھر کے ساتھ یہاں پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ چھوٹے گیس سلنڈروں کی ری فلنگ کی دکان شاید غیر قانونی طریقے سے اس بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں قائم تھی۔ دکان میں دھماکے کے دوران کوئی بھی شخص موجود نہ رہنے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ شہر کے بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں اگر ایسی غیر قانونی طریقے سے ری فلنگ کی دکان چلائی جارہی ہو تو اس کاپتا لگاکرا س کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔ انہوں نے عوام سے بھی گزارش کی کہ وہ اپنے محلوں میں اگر ایسی غیر قانونی گیس ری فلنگ دکانیں ہوں تو فوری پولیس کو خبر دیں۔ آج کے اس حادثہ میں معجزاتی طور پر کوئی جانی نقصان یا زیادہ مالی نقصان نہیں ہوا اس پر انہوں نے اللہ کا شکر ادا کیا۔ اس سلسلہ میں شیواجی نگر پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے۔